لسبیلہ: (دنیا نیوز ) بلوچستان کے اضلاع حب اور لسبیلہ میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مر حلہ کی مخصوص نشستوں پر انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔
ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے مطابق بلوچستان کی 3 میونسپل کمیٹیوں اور 16 اضلاع میں ووٹوں کی برابری کی وجہ سے خالی نشستوں کے لیے الیکشن آج ہو رہے ہیں۔ پشین کی میونسپل کمیٹی حرمزئی کی لوکل کونسلوں کی مخصوص نشستوں پر بھی انتخاب ہو رہے ہیں۔
ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے مطابق حب اور لسبیلہ میں ٹوٹل 24 پولنگ اسٹیشنز ہیں جس میں 24 کونسلرز پر الیکشن ہورہے ہیں ، خواتین کی 133 مخصوص نشستوں میں سے 36 بلامقابلہ منتخب ہوگئیں ہیں جبکہ 97 مخصوص نشستوں پر الیکشن ہورہے ہیں ، کسان کی 72 مخصوص نشستوں میں سے 17 بلامقابلہ منتخب جبکہ باقی 55 نشستوں پر الیکشن ہورہے ہیں۔
ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے مطابق لیبر کی 76 مخصوص نشستوں میں سے 17 بلامقابلہ منتخب ہوگئے ہیں جبکہ 59 مخصوص نشستوں پر الیکشن ہورہے ہیں، اقلیتوں کی 26 نشستوں میں سے 9 بلامقابلہ منتخب جبکہ 17 مخصوص نشستوں پر الیکشن ہورہے ہیں ۔
الیکشن کمیشن کے مطابق بلوچستان کے دیگر 16 اضلاع میں خالی رہ جانے والی مختلف نشستوں پر بھی انتخابات آج ہو رہے ہیں ، 16 اضلاع جن میں پشین، چمن، نوشکی، خاران، شیرانی، قلعہ سیف اللّٰہ، بارکھان، موسیٰ خیل، کوہلو، نصیر آباد، جعفر آباد، صحبت پور، کچھی، قلات، خضدار اور مستونگ میں بھی پولنگ جاری ہے ۔
الیکشن کمیشن کے مطابق بلوچستان کے 32 اضلاع میں 14 دسمبر 2022ء کو لوکل کونسلوں کی مخصوص نشستوں پر انتخابات ہوئے۔