پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ انتخابات مردم شماری کے بعد ہونے چاہئیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا، ہم مقررہ وقت پر انتخابات کے انعقاد پر یقین رکھتے ہیں، ہم آئین اور ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم نے ملکی حالات کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کرنا ہے، ملک میں مردم شماری کا عمل جاری ہے، 2 صوبائی اسمبلیاں ٹوٹنے کے حوالے سے تمام حقائق کو سامنے رکھنا چاہیے۔
پی ڈی ایم سربراہ فضل الرحمان نے مزید کہا کہ 2 صوبوں میں انتخابات ہوتے ہیں تو پرانی مردم شماری پر ہوں گے، عمران خان اس قابل نہیں کہ اس کے ساتھ بات چیت کی جائے، ہمارے علم میں آیا ہے کہ ریٹائرڈ چیف جسٹس ثاقب نثار اور فیض حمید ابھی بھی عمران خان کیلئے لابنگ کر رہے ہیں جس پر اداروں کو نوٹس لینا چاہئے اور انہیں لگام ڈالیں۔