الیکشن کروانے والے ہی جانتے ہیں الیکشن کب ہوگا، خواجہ سعد رفیق

Published On 07 March,2023 09:49 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اس ملک میں الیکشن ہوگا بھی یا نہیں میں نہیں جانتا، الیکشن کروانے والے ہی جانتے ہیں الیکشن کب ہوگا۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جب کھچڑی پکا رہے تھے اس وقت نہیں پتا تھا کہ یہ کھچڑی پکے گی تو کڑوی کھچڑی سب کو کھانی پڑے گی، اس وقت تو سارے حصے دار تھے، اب آپ کہتے ہیں الیکشن کرواؤ، اب آپ کو الیکشن یاد آگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: متنازع انتخابات بڑے سیاسی حادثات، تقسیم کی بنیاد بن سکتے ہیں: سعد رفیق

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پہلے ایک جعل ساز کو ہیرو بنایا اور ہیرو کو زیرو بنایا، پھر ایسے فیصلے دیے گئے جن کی بنیاد پر ریاست کی چولیں ہل گئیں، آج آپ کہہ رہے ہیں الیکشن کروا دو۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ اور جمہوریت کو کمزور کرنے کے عمل میں عمران خان بنیادی کھلاڑی ہیں، پارلیمنٹ کو جو زنجیریں پہنائی گئی ہیں عمران اس کھیل کا حصہ تھے، عمران خان ایک مجرم کے طور پر تاریخ کے کٹہرے میں کھڑے ہیں ان کو جواب دینا پڑے گا۔

قبل ازیں احتساب عدالت میں خواجہ برادران کیخلاف پیراگون ہاؤسنگ سکینڈل کیس کی سماعت ہوئی جس میں خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق نے عدالت میں پیش ہوکرحاضری مکمل کروائی،عدالت نے سپلیمنٹری رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 22 مارچ تک ملتوی کردی۔