اسلام آباد: (دنیا نیوز) توشہ خانہ کیس میں تحقیقات کیلئے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ طلبی کے باوجود نیب راولپنڈی میں پیش نہ ہوئے۔
نیب راولپنڈی نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کو آج اڑھائی بجے طلب کر رکھا تھا، طلبی کے نوٹس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو آج اڑھائی بجے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی اس کے باوجود عمران خان کی جانب سے کوئی بھی نیب آفس پیش نہ ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: خاتون جج کو دھمکی کا کیس: عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور
سابق وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ سے دوست ممالک سے تحفے میں ملنے والی 6 گھڑیوں کی تفصیلات طلب کی گئی تھیں، نیب کی تفتیشی ٹیم تحقیقات کیلئے گزشتہ روز دبئی پہنچی تھی، نیب ڈائریکٹر رضوان احمد کی سربراہی میں 4 رکنی ٹیم دبئی گئی، ٹیم نے قیمتی گھڑی کی فروخت سے متعلق اہم معلومات اکٹھی کیں۔