مریم نواز ججز پر تنقید کرنے میں بہت آگے چلی گئی ہے: اعتزاز احسن

Published On 09 March,2023 11:25 pm

لاہور: (دنیا نیوز) معروف قانون دان بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ ظل شاہ پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کو گرفتار ہونا چاہیے۔

دنیا نیوز کے پروگرام "دنیا کامران خان کے ساتھ" میں گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا عدالت کا مذاق اڑا رہا ہے، ان کو جب سپریم کورٹ نے بلانا ہے تو ان کی گورنری ختم ہو جائے گی، سپریم کورٹ کے فیصلے پر 100 فیصد عملدر آمد کرنا ہو گا، سپریم کورٹ کو ازخود نوٹس لینا چاہیے، جب رات کو بارہ بجےعدالت کھلیں تو یہی ججز تھے تب یہ لوگ بڑے خوش تھے۔

انہوں نے کہا سپریم کورٹ نے میجورٹی سے فیصلہ دیا، کوئی حیلہ بہانہ نہیں چلے گا، جو وزیر کہے گا پیسے نہیں دوں گا توہین عدالت لگے گی، سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کرنا ہو گا، شیڈول کے مطابق الیکشن کرانا ہوگا، ایک وزیراعظم تو پہلے ہی فیصلہ نا ماننے پر ڈس کوالیفائی ہو چکا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے پر سرنگوں کرنا ہوگا۔

اعتراز احسن نے مزید کہا کہ وکلا کیلئے چیف جسٹس ریڈ لائن ہے، چیف جسٹس کے خلاف عدالت میں اندرونی و بیرونی سازش ہو رہی ہے، مریم بی بی ججز پر تنقید کرنے میں بہت زیادہ آگے چلی گئی ہے، سپریم کورٹ کب تک برداشت کرے گی، میں سمجھتا ہوں اب زیادہ برداشت نہیں ہوگی۔
 

Advertisement