ملتان: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ جس دن عدالتوں نے گرفتاری کا کہا اس دن عمران خان کو گرفتار کرنے میں 2 منٹ بھی نہیں لگیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی حالات گرم ہیں، پنجاب میں الیکشن کا اعلان ہوچکا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ الیکشن کیلئے تیار ہوتی ہے، ہمارے پارلیمانی بورڈ 2 صوبوں میں اس پر کام کر رہے ہیں، مخالفین کہتے ہیں ہم الیکشن سے ڈرتے ہیں، ہم الیکشن سے گھبرانے والے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل لاہور میں جو ہوا پیپلز پارٹی اس کی مذمت کرتی ہے، پولیس کو اس قسم کے ہتھکنڈے استعمال نہیں کرنے چاہیے تھے، کل جو پی ٹی آئی کے کارکن کی جان گئی ہم خاندان کے ساتھ اظہار افسوس کرتے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان اداروں کو سیاست میں دھکیلنا چاہتے ہیں، عمران خان کہتے ہیں میں آرمی چیف سے ملنا چاہتا ہوں، اتنے بہادر ہیں کہ ضمانتیں کرواتے پھرتے ہیں، پولیس نوٹس دینے جاتی ہے تو ورکرز کو بلا لیتے ہیں۔