لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر وزیرآباد حملہ کیس کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی نئی جے آئی ٹی کی تشکیل کیخلاف درخواستیں 13 مارچ کو سماعت کے لیے مقرر کر دیں۔
جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر کی درخواستوں پر 13 مارچ کو سماعت کرے گا، ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے کیس کی سماعت کی کاز لسٹ جاری کر دی ہے۔
درخواست گزاروں کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان پر حملہ کی تحقیقات کیلئے پنجاب حکومت نے 15 جنوری 2022 کو جے آئی ٹی تشکیل دی تھی، پہلے سے جے آئی ٹی کی موجودگی میں نئی جے آئی ٹی غیر قانونی ہے، نئی جے آئی ٹی کی تشکیل بد نیتی کی بنیاد پر کی گئی ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت نئی جے آئی ٹی کی تشکیل کا اقدام کالعدم قرار دے۔
واضح رہے کہ درخواست گزاروں نے نئی جے آئی ٹی کی تشکیل کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے، درخواستوں میں وفاقی حکومت بذریعہ وزارت داخلہ، پنجاب حکومت بذریعہ ہوم سیکرٹری اور نئی جے آئی ٹی کے سربراہ آئی جی ریلوے راؤ سردار علی سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔