عمران خان پر کیسز بنانے سے معیشت ٹھیک ہو جائے گی؟: علی زیدی

Published On 12 March,2023 05:18 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر علی زیدی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا صرف ایک کام ہے کہ انتخابات وقت پر کروائے، آصف زرداری کہتا ہے کہ محسن نقوی منہ بولا بیٹا ہے، مرتضیٰ بھٹو کے بچوں سے کوئی پوچھے کہ اسے کس نے قتل کروایا تھا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ آج ایم پی اے ارسلان تاج کو ان کے گھر سے اغوا کیا گیا، ایم پی اے کو گرفتار کرنے سے پہلے سپیکر سے اجازت لینی ہوتی ہے، نہ ان پر کوئی کیس بنا نہ کوئی ایف آئی آر ہوئی، صبح صبح گھر میں گھس کر ارسلان کو گرفتار کیا گیا، اسکی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا سارے عہدیداران، چیئرمین عمران خان نے گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، آج پورا پاکستان عمران خان کے ساتھ ایک طرف کھڑا ہے، کیئر ٹیکر کو نیوٹرل ہونا چاہیے، مریم نواز اس ملک کے خون کی پیاسی ہے، اداروں، عدلیہ سے سوال ہے مریم کے الفاظ پر کیوں ایکشن نہیں لیا جاتا، کہتی ہے میرے پاس ججز اور جرنیلوں کی وڈیو ہیں۔

تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے کہا کہ ہم میں بہت سے لوگ دہشتگردی کے مقدمات بھگت رہے ہیں، یہ اس ملک کو وہاں لے گئے ہیں کہ کہیں کھائی میں نہ گر جائے، کیا عمران خان پر کیسز بنانے سے معیشت ٹھیک ہوجائے گی؟، سپریم کورٹ نے احکامات دیئے کہ الیکشن کروائیں، سپریم کورٹ کے احکامات ماننا ہر ادارے پر فرض ہے، الیکشن کمیشن کہتا ہے ہم تیار نہیں ہیں۔
 

Advertisement