لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے لاہور میں دفعہ 144 کے نفاذ پر درعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت تصادم کی آڑ میں الیکشن سے فرار کے بہانے ڈھونڈ رہی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت نے سیکشن 144 کا نفاذ کر دیا ہے جو کہ بلاجواز ہے، ہم نے فیصلہ کیا ہے دفعہ 144 کیخلاف لاہور ہائی کورٹ میں ایک پٹیشن دائر کر دی جائے، چیف جسٹس سے گزارش ہے ہماری پٹیشن پر فوری غور کیا جائے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ پی ایس ایل کا میچ شام 7 بجے ہو رہا ہے، ہماری ریلی میچ کے شروع ہونے سے پہلے اختتام پذیر ہوجائے گی، پی ٹی آئی کی پرامن ریلی ہے، ان کا ایک مقصد ہے کہ تحریک انصاف کی ریلی کو روکا جائے، ان کی نیتیں بالکل واضح دکھائی دے رہی ہیں۔
شاہ محمود نے مزید کہا کہ ہم نے پرامن رہتے ہوئے اپنے سیاسی عمل کو آگے بڑھانا ہے، ہمارا مقصد انتخابات کا حصول ہے، ایک ٹولہ فیصلے مسلط کرنا چاہتا ہے۔
فواد چودھری
اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوھری کا کہنا تھا کہ آج ہمارے کارکن ارسلان کو کراچی سے اغوا کیا گیا، ہم مطالبہ کرتے ہیں ارسلان کو رہا کیا جائے، یہ عدالتیں رات 12 بجے بھی کھل جاتی ہیں، چیف جسٹس سے گزارش ہے دن کا وقت ہے، ہماری پٹیشن کو سنا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملکی حالات ایسے ہیں کہ 10 لاکھ نوجوان ملک چھوڑ گئے، آپ اکیلے ادھر رہ لیں کوئی مسئلہ نہیں، ہماری پوری کوشش ہے ہمیں انصاف ملے۔