لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) نے ظلِ شاہ کے قتل کی لاہور ہائیکورٹ کے جج کے ذریعے تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔
ایک بیان میں فواد چودھری نے سوال کیا کہ علی بلال شہید کی موت حادثے کا نتیجہ تھی توعمران خان، حماد اظہر اور مجھ سمیت تحریک انصاف کی قیادت پر جھوٹا پرچہ کیوں درج کیا؟
انہوں نے کہا کہ پریس کانفرنس نگران سرکار کے دامن پر لگے معصوم خون کے دھبّے مٹانے کی ناکام کوشش ہے، آج کی پریس کانفرنس سے ثابت ہوگیا کہ پنجاب جھوٹے پرچوں کی آماجگاہ ہے، عمران خان پر حملے، ارشد شریف کو شہید، شہباز گل اور اعظم سواتی پر بدترین تشدد کرنے والوں کی طرح ظلِ شاہ کے قتل کا بھی پورا حساب لیا جائے گا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ارشد شریف کی شہادت کور اپ، عمران خان پر قاتلانہ حملہ کور اپ اور اب علی بلال ظل شاہ کا قتل۔۔۔ اب پھر کوراپ، کوئی شرم ہے نہ حیا۔
ارشد شریف کی شہادت کور اپ عمران خان پر قاتلانہ حملہ کور اپ اور اب علی بلال ظل شاہ کا قتل۔۔۔۔ اب پھر کور اپ کوئ شرم ہے نہ حیاء
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) March 11, 2023
سابق وزیر کا کہنا تھا کہ دفعہ 144 کے نفاذ اور استعمال کی پوری کہانی قوم کے سامنے ہے، تحریک انصاف کی انتخابی ریلی اور پرُامن شرکاء ہدف تھے، پولیس کے کردار سے صوبے میں پراسیکیوشن کا پورا ڈھانچہ زمین بوس ہو کر رہ گیا، عدالتوں کے لئے فیصلہ کرنا مشکل ہوگیا کہ پولیس جسے ملزم پیش کر رہی ہے وہ ملزم ہے بھی یا نہیں۔