'عمران خان کی گرفتاری پر پورے ملک میں احتجاج کی کال دیں گے'

Published On 05 March,2023 02:20 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ اگر سابق وزیراعظم عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو تمام کارکنان تیاری رکھیں، ہم پورے پاکستان میں پرامن احتجاج کی کال دیں گے۔

زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان پر اب تک 74 مقدمات درج ہیں، ان میں سے 30 کرمنلز مقدمات ہیں، ہم عدالتوں میں قانون کے مطابق ڈیل کر رہے ہیں، کسی بھی شخص کیلئے ممکن نہیں کہ وہ ہر مقدمے میں عدالتوں میں پیش ہو، پاکستان میں فسطائی حکومت اور نظام ہے، پاکستان کے آئین کو ڈبونے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی ممکنہ گرفتاری، اسلام آباد پولیس زمان پارک پہنچ گئی

سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ کسی طریقے سے انتخابات ملتوی کروانا چاہتے ہیں، یہ چاہتے ہیں سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد نہ کرنا پڑے، ایک بھگوڑا 50 روپے کے سٹام پیپر پر لندن بھاگا ہوا ہے، عدالتیں نواز شریف کو کیوں نہیں بلا رہیں، حکومت پی ٹی آئی کے کارکنان کو اشتعال دلوانا چاہتی ہے، یہ عمران خان کو عدالتوں میں بلا کر قاتلانہ حملہ کروانا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی گرفتاری حالات کو شدید خراب کرے گی، پی ٹی آئی

فواد چودھری نے مزید کہا کہ ان کو پتا ہے عمران خان کی جان لینے کے علاوہ ان کی تحریک انصاف اور عمران خان سے جان نہیں چھوٹے گی، ہمارے قائدین اور کارکنان کے ساتھ برا سلوک ہوا، اگر عمران خان کو گرفتار کیا گیا تمام کارکنان تیاری رکھیں، ہم پورے پاکستان میں پرامن احتجاج کی کال دیں گے۔

وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ تھا اور ہے، خدشہ ہے کہ عمران خان پر دوبارہ حملے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، عمران خان کی گرفتاری کا کوئی حکم ہمارے نوٹس میں نہیں، ملک کو اتحاد کی ضرورت ہے، اس وقت کارروائی کرنے والے ہوش کے ناخن لیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سینئر لیڈرشپ زمان پارک پہنچ چکی ہے، عمران خان سے مشاورت کے بعد اپنا ردعمل دیں گے، ہمارا سیاسی ردعمل بھی ہوگا لیکن گھبرانے کی ضرورت نہیں۔

شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے خود پر حملہ کرنے والوں کو معاف کرنے کا اعلان کیا، عمران خان نے اپنے خطاب میں یکجہتی کی بات کی، پاکستان اس وقت سکیورٹی اور معاشی مسائل سے دوچار ہے، عمران خان نے ہمیشہ قانون اور عدالتوں کا احترام کیا ہے۔

Advertisement