لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی سے پاکستان تحریک انصاف کے جاں بحق ہونے والے کارکن کا کیس ٹریس کرنے والی پولیس ٹیم نے ملاقات کی۔
ملاقات کرنے والوں میں ایس ایس پی عمران کشور، انسپکٹر محمد علی بٹ، انسپکٹر نبی بخش، سب انسپکٹر عامر شہزاد، سب انسپکٹر زبیر، ہیڈ کانسٹیبل خرم شہزاد اور کانسٹیبل محمد طیب شامل تھے، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور سی سی پی او لاہور بھی اس موقع پر موجود تھے، وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہا او رشاباش دی۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب نے محنت اور پیشہ ورانہ انداز سے انتہائی کم وقت میں اندھے کیس کا سراغ لگایا، پنجاب حکومت آپ کی کارکردگی کو سراہتی ہے، جاں بحق شہری کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی ہم سب کی ذمہ داری ہے، آپ نے پہلے بھی انصاف کے تقاضے پورے کئے اور آئندہ بھی پورے کریں گے۔