حیدرآباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا ہے کہ ایک شخص قانون سے بچنے کیلئے شرپسندی کا سہارا لے رہا ہے، کوئی سیاسی جماعت پولیس کو پٹرول بم نہیں مارتی، عمران نیازی سیاستدان نہیں شدت پسند ہے۔
اپنے ایک بیان میں رہنما پیپلز پارٹی شازیہ مری نے کہا کہ لاڈلے پلس کے مزید نخرے اٹھائے گئے تو قانون کی رٹ ختم ہو جائے گی، قانون کے آگے سب برابر ہیں، عمران کو یہ تسلیم کرنا چاہیے، عدالتوں سے عمران نیازی کو جتنا ریلیف ملا ہے ملک کے کسی اور شہری کو نہیں ملا۔
شازیہ مری نے کہا کہ عمران کی خود پرستی نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا ہے، سابق صدر آصف علی زرداری نے برسوں تک ناجائز قید کاٹی لیکن کبھی انتشار نہیں پھیلایا، عمران نیازی آئین اور قانون کی دھجیاں بکھیر رہا ہے، قانون اور عدالتی احکامات توڑنا خطرناک اور نقصان دہ عمل ہے۔