لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پشاور مسجد میں دہشت گردی کرنے والوں کو یہ آج تک گرفتار نہیں کر سکے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ عمران خان نے ان کی سازش بارے ایک ماہ پہلے ہی بتا دیا تھا، عدالت نے 18 مارچ کو عمران خان کو طلب کیا تھا، ان کو پتا ہے یہ عمران خان کو سیاسی طور پر شکست نہیں دے سکتے، زمان پارک پر ایسے حملہ کیا گیا جیسے کشمیر فتح کرنے گئے، یہ اتنے پاگل ہو گئے ہیں جس کی نظیر نہیں ملتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف ان کیلئے ڈراؤنا خواب بن چکی ہے، یہ ٹولہ غریب لوگوں کا خون چوس رہا ہے، چور اور ان کے سہولت کار ایک طرف، دوسری طرف عوام کھڑے ہو گئے ہیں، وقت آگیا ہے ملک میں آئین کی عمل داری کو یقینی بنایا جائے، کٹھ پتلی دونمبر لوگوں کو پنجاب، خیبرپختونخوا حکومت میں شامل کیا گیا۔
شبلی فراز نے کہا کہ تحریک انصاف کے ورکرز چٹان کی طرح عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، یہ تحریک انصاف کو برگر پارٹی کہتے تھے جس میں لوہے کے چنے شامل ہیں، پی ڈی ایم والے علاقائی اور جماعت صرف تحریک انصاف ہے، ایک شخص کو گرفتار کرنے کیلئے سارا کچھ کیا گیا، یہ عمران خان کی جنگ نہیں ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر شبلی فراز نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ یہ بہانے بنا رہے ہیں کہ الیکشن نہیں کروا سکتے، مریم نواز ویڈیو، آڈیو کی ایکسپرٹ ہے، صدر مملکت کی گفتگو ٹیپ ہونا بڑا شرم کا مقام ہے، انہوں نے پاکستان کو بنانا ری پبلک بنا دیا ہے، فون ٹیپ کرنا آئین و قانون کے خلاف ہے۔