لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور سمیت 13 افسران کی تعیناتی لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دی۔
تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر کی طرف سے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے جس میں حکومت پنجاب سمیت 19 فریق بنائے گئے ہیں۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسمبلی کی تحلیل کے بعد نگران حکومت کو اہم عہدوں پر تعیناتی کرنے کا اختیار نہیں، نگران حکومت نے آئی جی پنجاب، سی سی پی او سمیت 13 افسران کی تقرری خلاف قانون کی، نگران حکومت نے 27 اور 28 فروری کو افسران کی تعیناتی کے غیر قانونی طور پر نوٹیفکیشن جاری کیے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور سمیت دیگر افسران کی تعیناتی کالعدم قرار دے۔