عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کیخلاف احتجاج ، پی ٹی آئی کراچی قیادت پر مقدمات درج

Published On 15 March,2023 11:33 am

کراچی: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کےخلاف اہم مقامات پراحتجاج کیاگیا ،اس حوالے سے پی ٹی آئی کراچی کی قیادت کےخلاف مقدمات درج کرنےکاسلسلہ بھی جاری ہے ۔

کراچی کے4اضلاع میں اب تک 5مقدمات درج کیے گئے ہیں ، پی ٹی آئی رہنماؤں عالمگیرمحسود، فردوس شمیم نقوی،حلیم عادل، مسرور سیال،شاہنواز جدون پر مقدمات درج کیے گئے ۔

پہلا مقدمہ حلیم عادل شیخ ودیگررہنماؤں کےخلاف تھانہ سچل میں درج کیا گیا جبکہ دوسرا مقدمہ شاہ لطیف ٹاون میں نائب صدرکراچی مسرورسیال ودیگرکےخلاف درج کیاگیا ہے ۔

احتجاج کیخلاف تیسرا مقدمہ ڈاکس تھانے میں ایم پی اےشاہنواز جدون ودیگر رہنماؤں کےخلاف درج کیا گیا جبکہ چوتھامقدمہ تھانہ پیرآبادمیں رکن صوبائی اسمبلی سعیدآفریدی ودیگررہنماؤں کیخلاف درج کیا گیا ہے ۔

پولیس کی جانب سے پانچواں مقدمہ سابق ایم این اےعالمگیرمحسود،فردوس شمیم نقوی کیخلاف تھانہ عزیز بھٹی میں درج کیا گیاہے ، مقدمات میں سڑک بندکرنے،جلاؤگھیراو،ہنگامہ آرائی کی دفعات شامل ہیں ، مقدمات میں عوامی و سرکاری املاک کونقصان پہنچانےاوربلوے کی دفعات شامل کی گئی ہیں ۔

واضح رہے کہ لاہور میں زمان پارک کے باہر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پولیس کے درمیان کشیدگی برقرار ہے ، پولیس نے پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی گرفتاری کے لیے گزشتہ روز آپریشن شروع کیا تھا جس کے بعد پی ٹی آئی کے کارکن ملک گیر احتجاج کررہے ہیں۔

Advertisement