لاہور : (دنیا نیوز) چیئرمین تحریک انصاف کیخلاف بدترین پولیس گردی پر اسد عمر نے شدید ردِعمل کا اظہار کیا ہے ۔
تحریک انصاف کے رہنما اسدعمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ آج دنیا بھر میں اسلامو فوبیا کے خلاف دن منایا جا رہا ہے ، یہ دن عمران خان کی کاوش سے اقوام متحدہ نے ہر سال منانے کا فیصلہ کیا تھا۔
آج دنیا بھر میں اسلامو فوبیا کے خلاف دن منایا جا رہا جو عمران خان کی کاوش سے اقوام متحدہ نے ہر سال منانے کا فیصلہ کیا تھا۔ اور اس اپنے دین کے مجاہد اور عاشق رسول کے گھر اس وقت پولیس حملہ آور ہے۔
— Asad Umar (@Asad_Umar) March 15, 2023
انہوں نے کہا کہ اپنے دین کے اس مجاہد اور عاشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے گھر اس وقت پولیس حملہ آور ہے، 9 بجے اسلام آباد ہائی کورٹ نے کھلنا ہے، عدالت کے کھلنے کا انتظار کئے بغیر پولیس ایک دفعہ پھر زمان پارک پر حملہ آور ہے، چیئرمین تحریک انصاف کے گھر پر آنسو گیس کی شدید شیلنگ کی جارہی ہے۔
9 بجے اسلام آباد ہائی کورٹ نے کھلنا ہے، اس کا انتظار کئے بغیر، پولیس ایک دفعہ پھر زمان پارک پر حملہ آور۔ گھر پر بھاری گیس شیلنگ ۔
— Asad Umar (@Asad_Umar) March 15, 2023
واضح رہے کہ اسلام آباد اور لاہور پولیس کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں، پولیس تین اطراف دھرم پورہ، مال روڈ اور سُندرداس روڈ سے زمان پارک کی جانب پیش قدمی کررہی ہے۔
زمان پارک کے اردگرد پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے، وقفے وقفے سے پولیس اور کارکنوں میں جھڑپیں ہورہی ہیں جبکہ قصور، گوجرانولہ اور شیخوپورہ سے بھی پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی ہے۔
پولیس اہلکاروں کی زمان پارک کی جانب آگے بڑھنے کی کوشش کے دوران کارکنوں سے آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔