لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے 18 مارچ کو عدالت میں پیش ہونے کی تحریری یقین دہانی کرادی ہے۔
فرخ حبیب نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 18 مارچ کو عدالت میں پیش ہونے کی شورٹی انڈرٹیکنگ لاہور ہائی کورٹ بار کے صدر اشتیاق اے خان کے حوالے کر دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شورٹی انڈر ٹیکنگ کوڈ آف کرمنل پروسیجر سیکشن 76 کے تحت دی گئی، اس کے بعد پولیس کے پاس کارروائی کا کوئی جواز نہیں ہے۔
عمران خان صاحب نے 18 مارچ کو عدالت میں پیش ہونے کی کوڈ آف کرمنل پروسیجر سیکشن 76 کے تحت surety undertaking لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر اشتیاق اے خان کے حوالے کردی۔ اس کے بعد پولیس کے پاس کاروائی کوئی جواز نہیں
— Farrukh Habib (@FarrukhHabibISF) March 14, 2023
امپورٹڈ حکومت خون ریزی سے بعض رہے ہم پرامن ہے تصادم نہیں چاہتے۔ pic.twitter.com/UtJQgtm1NS
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت خون ریزی سے باز رہے، ہم پرامن ہیں، تصادم نہیں چاہتے۔
خیال رہے کہ خاتون جج کو دھمکانے اور توشہ خانہ کیس میں عدم پیشی پر اسلام آباد کی دو عدالتوں نے عمران خان کے علیحدہ علیحدہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
عمران خان طلبی کے باوجود سکیورٹی خدشات پر عدالت پیش نہ ہوئے تاہم انہوں نے لاہور میں پی ٹی آئی ریلی کی قیادت کی۔
توشہ خانہ کیس میں عدم پیشی پر سیشن عدالت نے عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر کے 18 مارچ کو پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔
گزشتہ روز اسلام آباد کی عدالت نے خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں جاری عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری 16 مارچ تک معطل کردئیے تھے۔
تاہم توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونےکے بعد اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ کئی گھنٹوں سے زمان پارک پر موجود ہے جہاں اسے پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے۔