لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کی خبر پر ملک کے مختلف شہروں میں تحریک انصاف کے کارکن احتجاج کرنے سڑکوں پر نکل آئے۔
کراچی کے مختلف علاقوں اورنگی ٹاؤن، فور کے، فائیو سٹار، داؤد چورنگی، ماری پور، قیوم آباد ، سٹار گیٹ، شاہین کمپلیکس، سہراب گوٹھ، حسن اسکوائر میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے عمران خان کی گرفتاری پر احتجاجی مظاہرہ کیا، احتجاج کے باعث شہر کی اہم شاہراہیں بند کر دی گئیں۔
اسلام آباد کے علاقے ترنول میں تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے جی ٹی روڈ بند کر دیا گیا، جس کے بعد پولیس کی نفری طلب کر لی گئی، پولیس نے کہا کہ اسلام آباد میں کسی بھی جگہ احتجاج نہیں کرنے دیا جائے گا، اس کے علاوہ پی ٹی آئی کارکن احتجاج کیلئے کمیٹی چوک پہنچے، مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے آبائی حلقہ میں بھی پی ٹی آئی کارکن سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرین کی جانب سے کمرمشانی کے مقام پر روڈ بلاک کر دیا گیا، کبیروالا میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے ملتان اسلام آباد روڈ بلاک کر دیا، مظاہرین نے حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔
خان پور میں بھی پی ٹی آئی کارکنوں نے نواں کوٹ چوک پر احتجاج کیا، ملتان میں عمران خان کی گرفتاری کی خبر پر چونگی نمبر نو پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، پی ٹی آئی کارکنوں نے ٹائر جلا کر سڑک کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا، حکومت اور پولیس کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔
وزیرآباد میں انصاف یوتھ ونگ کے زیر اہتمام احتجاج کیا گیا، مظاہرین نے جی ٹی روڈ بلاک کر دیا جس کے بعد جی ٹی روڈ پر ٹریفک کی لمبی قطاریں لگ گئیں، لکی مروت میں بھی تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاجاً انڈس ہائی وے کو گنڈی چوک کے مقام پر بند کر دیا۔
وہاڑی میں تحریک انصاف کے پی ٹی آئی کارکنوں نے وی چوک کو بلاک کر کے دھرنا دے دیا، مظاہرین نے ٹائر جلا کر مین روڈ کو بلاک کر دیا ہے، مظاہرین کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی، اوکاڑہ میں کارکنوں نے بائی پاس پر احتجاج شروع کر دیا، مظاہرین نے روڈ بلاک کر دیا جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی گرفتاری کی خبر پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے شہباز چوک پر احتجاج کیا، مظاہرے کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا، سیالکوٹ میں عثمان ڈار کی قیادت میں پی ٹی آئی کارکن جناح ہاؤس جمع ہونا شروع ہو گئے۔
بہاولنگر میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد احتجاج کرنے سٹی چوک پہنچ گئی، کارکنوں نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی، حیدرآباد میں پی ٹی آئی کارکنوں نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔
کرک میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے خلاف کارکنان سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرین نے انڈس ہائی وے تنگوڑی چوک کے مقام پر بلاک کر دی، جس کی وجہ سے ٹریفک کی آمدو رفت معطل ہو گئی، مظاہرین نے ٹائر جلا کر حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
بنوں میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے میران شاہ روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا، مظاہرین نے پی ڈی ایم حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی، مردان میں کارکنوں نے کالج چوک میں ٹائر جلا کر سڑک بند کر دی، حکومت نامنظور کے نعرے بھی لگائے۔