ہم چاہتے ہیں عدلیہ مدد کرے، درمیانی راستہ نکالا جائے: شاہ محمود قریشی

Published On 15 March,2023 01:42 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم اسلام آباد ہائی کورٹ بھی گئے، آج لاہور ہائی کورٹ بھی آئے ہوئے ہیں، ہم چاہتے ہیں عدلیہ مدد کرے اور کوئی درمیانی راستہ نکالا جائے جس سے جانی نقصان کو روکا جائے۔

اپنے ایک بیان میں رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نگران حکومت پی ڈی ایم کی ایکسٹینشن ہے، دفعہ 144 کا نفاذ بے تکا تھا، آپ لوگوں کو مجبور کر رہے ہیں کہ وہ خلاف ورزی کریں، تحریک انصاف آئین و قانون پر عملدرآمد کرنے والی جماعت ہے، یہ حالات بگاڑنے پر تلے ہوئے ہیں، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ قانون کا راستہ اختیار کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پولیس اور کارکنوں کا تصادم روکنے کیلئے شاہ محمود کے ڈی آئی جی سے مذاکرات

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خدارا ہوش کے ناخن لو، آپ ملک کو ایسے بحران کی طرف دھکیل رہے ہو جس سے نکلنا مشکل ہوجائے گا، ہم عدالتوں میں آنے کیلئے تیار ہیں، آپ ہمیں سکیورٹی دے دیں، آپ سکیورٹی دینے کیلئے تیار نہیں، آپ نے اپنی انا کا مسئلہ بنایا ہوا ہے، پاکستان کو اپنی انا پر فوقیت دیں۔

Advertisement