اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کا انتخابات میں تاخیر سے کوئی تعلق نہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں، ان کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان قانون سے تعاون کرنے کے بجائے مسلسل قانون شکنی کر رہے ہیں، پولیس صرف عدالتی احکامات پر عمل درآمد کر رہی ہے، عمران خان پر کرپشن کے مقدمات ہیں جس پر انہیں گرفتار کر کےعدالت میں پیش کرنا ہے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پولیس پر پٹرول بموں سے مسلسل حملے ہو رہے ہیں، پولیس کے پاس کسی قسم کا کوئی اسلحہ نہیں، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سمیت 65 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ فارن ایجنٹ گھڑی چور اور جھوٹا ریاست پر حملہ آور ہے اور ریلیف لے رہا ہے۔
فارن ایجنٹ گھڑی چور اور جھوٹا ریاست پہ حملہ آور ہے اور ریلیف لے رہا ہے سیاسی لیڈر ریاست پہ حملہ نہیں کرتے اپنی سیاست نہیں ریاست کو بچاتے ہیں .عدالت کے احکامات پہ عمل کروانی والی پولیس کے سر پھاڑ رہا ہے اور عدالت سے ریلیف لے رہا ہے. pic.twitter.com/TJCgtWlvGG
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) March 16, 2023
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سیاسی لیڈر ریاست پر حملہ نہیں کرتے اپنی سیاست نہیں ریاست کو بچاتے ہیں، عدالت کے احکامات پر عمل کروانے والی پولیس کے سر پھاڑ رہا ہے اور عدالت سے ریلیف لے رہا ہے۔