اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ مجھے لگتا ہے کہ پارلیمنٹ کے اختیارات میں مداخلت ہو رہی ہے، پارلیمنٹ میں تجاوزات ہو رہی ہیں۔
سینیٹ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہا کہ ہم آئین کے تمام معماروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جب ملک دولخت ہوا تو اس وقت آئین بہت مشکل حالات میں لکھا گیا، پارلیمنٹ کے باہر ذوالفقار علی بھٹو اور محمد خان جونیجو کا نام تحریر ہے۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا جن کا نام پارلیمنٹ کے باہر لکھا ہے کہ ان کے ساتھ کیا ہوا، یہاں دو کتابیں رکھیں، ایک کتاب میں ان لوگوں کا بھی نام لکھیں جنہوں نے سٹیمپ لگائی، ان کا نام بھی لکھیں جنہوں نے آئین کو غارت کیا، ان کا نام بھی لکھیں جو کہتے تھے جا کر اپنا آئین لکھو جب تک رہنا ہے اقتدار میں رہو، وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ قانون بنایا اور عدالت کہہ رہی ہے کہ ٹائٹل بدل لو۔