اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج جو کہہ رہے ہیں کہ حکومت بڑا غلط کر رہی ہے، میں تو غلط نہیں کررہا، گرفتاری کے آرڈر میں نے نہیں دیے، گرفتاری کے آرڈر عدالتوں کی جانب سے جاری ہوئے ہیں۔
کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے وفد سے گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایک سیاسی شخص اپنے آپ کو قانون سے بالاتر سمجھتا ہے، اس وقت وہ اپنی بیماری، بزرگی اور لاچاری کا دن رات واویلا کر رہے ہیں، وہ ریلی میں تو جا سکتے ہیں مگر عدالتوں میں جانا ان کیلئے محال ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عمران نیازی کی حکومت اور حواریوں نے جعلی کیسز بنائے تھے، کبھی کسی نے یہ نہیں کہا کہ میں نہیں آؤں گا یا میں بیمار ہوں، رانا ثناء اللہ پر جعلی بے بنیاد کیس بنایا گیا، رانا ثناء اللہ کو گھر کا کھانا نہیں ملتا تھا.
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی سیاسی پارٹی الیکشن سے بھاگ نہیں سکتی، اگر ایسا ہوا تو اس کا وجود ختم ہو جائے گا، ہم الیکشن کمیشن کے فیصلے کے ساتھ چلیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ بات نکلے گی تو بہت دور تلک جائے گی، آج وہ شخص جو سب چیزیں خود کرتا ہے اس کا الزام ہمیں دے رہا ہے، آپ نے انصاف کی عدالتوں کا ملیا میٹ کردیا، آپ دنیا کو کیا پیغام بھیج رہے ہیں؟، عمران خان نیازی اگر یہ کہتے ہیں کہ میں صادق اور امین ہوں تو بہت بڑا جھوٹ بول رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تحائف بیچ ڈالے یہ ہے اصل جرم، سب سے متبرک تحفہ جس پر خانہ کعبہ کا ماڈل تھا وہ ان کو ملا اور اس کو بیچ دیا اور قوم کے آگے جھوٹ بولا، بہت چبھتے ہوئے سوالات ہیں جن کا جواب پوری قوم کو چاہیے، عدل کا ترازو برابر ہوتا ہے اور آنکھیں بند کرکے فیصلے کرتا ہے، یہاں آنکھیں کھول کر عدل کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں۔