لاہور: (دنیا نیوز) مدینہ فاؤنڈیشن کے تعاون سے حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار کی توسیع کا معاہدہ ہوگیا۔
وزیراعلیٰ آفس میں معاہدے پر دستخط کی تقریب ہوئی، نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور چیئرمین داتا دربار مذہبی امور کمیٹی وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈارمعاہدے پر دستخط کی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
— Ministry of Finance (@FinMinistryPak) March 18, 2023
معاہدے پر دستخط کے بعد مولانا عبدالخبیر آزاد نے خصوصی دعا کرائی، معاہدے کے مطابق مدینہ فاؤنڈیشن حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار کے گرد برآمدوں (غلام گردش) کی توسیع کرے گی، منصوبے پر تقریباً 16کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔
منصوبے کی تکمیل سے غلام گردش اور ان برآمدوں میں زائرین کی گنجائش 3 ہزار سے بڑھ کر 5 ہزار ہو جائے گی، نیسپاک بطور مشاورتی فرم خدمات سرانجام دے گی، داتا دربار برآمدوں کی توسیع سے زائرین کیلئے آسانیاں پیدا ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: رمضان پیکج: پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں مفت آٹے کی فراہمی شروع
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے منصوبے کو حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ حضرت داتا گنج بخشؒ کے لنگر خانے کے انتظام کو عالمی معیار کا بنایا جائے، لنگر کے معیار کو بھی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار کی توسیع کے معاہدے کی سعادت حاصل ہوئی ہے، توسیع سے زائرین کے لئے سہولتوں میں اضافہ ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف معمول سے ہٹ کر معاہدے کیلئے سخت شرائط رکھ رہا ہے: اسحاق ڈار
سیکرٹری اوقاف نے وزیراعلیٰ محسن نقوی او روفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی، صوبائی وزیر اوقاف اظفر علی ناصر، مدینہ فاؤنڈیشن کے میاں رشید، اسلم ترین، سیکرٹری اوقاف، چیئرمین پاکستان رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاداو ردیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔