چمن: سکیورٹی فورسز کا دہشتگردوں کے خلاف آپریشن، ہتھیار، آئی ای ڈیز برآمد

Published On 19 March,2023 10:16 pm

چمن: (دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے چمن میں آپریشن کر کے بھاری مقدار میں ہتھیار، گولیاں اور آئی ای ڈیز برآمد کر لیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے چمن کے علاقے میں دہشتگردوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں ہتھیار، گولیاں اور آئی ای ڈیز برآمد کی گئی ہیں۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ سکیورٹی فورسز نے یہ آپریشن چمن، رحمن کہول اور گرد و نواح میں کیا، آپریشن دہشتگردی کے واقعات میں ملوث دہشت گردوں کے مشتبہ ٹھکانے کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، مشتبہ دہشتگرد دیسی ساختہ بم نصب کرنے سمیت دیگر وارداتوں میں ملوث تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاک فوج بلوچستان کے امن، استحکام، ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنا دے گی۔
 

Advertisement