کراچی: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مشکلات ہیں لیکن انشا اللہ مل کر ان مشکلات پر قابو پائیں گے۔
کراچی میں مزار قائد پر حاضری کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمیں اس وقت یکجا رہنے کی ضرورت ہے، ایک بار پھر دہشتگرد کوشش کر رہے ہیں کہ اس ملک کو مشکل میں ڈالیں، ہماری حکومت، پولیس، رینجرز، فوج اور انٹیلی جنس مل کر کام کر رہے ہیں، دو مذہبی شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ کی تفتیش کو خود دیکھ رہا ہوں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پورے سندھ میں بچت بازار لگائے جا رہے ہیں، صوبے میں ہر تحصیل اور ہر ٹاؤن میں بچت بازار لگا رہے ہیں، آرڈیننس پاس کیا ہے جس سے قیمتیں کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی، اس آرڈیننس کو سندھ اسمبلی سے بھی پاس کرائیں گے۔
قبل ازیں کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر صوبائی وزراء بھی ساتھ تھے، ملکی سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعائیں بھی کی گئیں۔