نصرت بھٹو ممتاز سیاسی شخصیت اور انسانی حقوق کی سرکردہ وکیل تھیں، شیری رحمان

Published On 23 March,2023 05:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی مرکزی رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ بیگم نصرت بھٹو پاکستانی سیاست کی ایک ممتاز شخصیت اور جمہوریت اور انسانی حقوق کی سرکردہ وکیل تھیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں رہنما پیپلز پارٹی شیری رحمان نے کہا کہ مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کو 94 ویں سالگرہ کے موقع پر ان کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں، بیگم بھٹو نے آمریت میں فعال سیاسی کردار ادا کیا اور پوری زندگی پرعزم رہیں، ان کو ضیاء کی آمریت کے دوران قید و بند کی سختیاں برداشت کرنی پڑیں۔

شیری رحمان نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے اپنی زندگی میں متعدد چیلنجز کا سامنا کیا جن میں اپنے شوہر کی قید، پھانسی اور بیٹوں کے قتل بھی شامل ہیں، ان تمام سانحات کے باوجود وہ ایک مضبوط اور بہادر شخصیت رہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بیگم نصرت بھٹو کا کردار اور لیگیسی پاکستان اور دنیا بھر میں بہت سے لوگوں کو متاثر کرتی ہے، ان کی 94ویں سالگرہ پر ہم ان کی ملک، عوام، آئین، جمہوریت اور انسانی حقوق کیلئے خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کی قربانیوں کا احترام کرتے ہیں۔

Advertisement