پی ٹی آئی نے امریکا کی ایک اور لابنگ فرم سے معاہدہ کیا ہے: شیری رحمان

Published On 23 March,2023 12:32 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی و سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے امریکا میں کھوئی ساکھ بحال کرنے کیلئے ایک اور لابنگ فرم سے معاہدہ کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سینیٹرشیری رحمان کا کہنا تھا کہ’پرائےکنسلٹنٹ‘ کیساتھ معاہدے کا مقصد پی ٹی آئی کے امریکا کے ساتھ تعلقات بہتر کرنا ہے، ”سازشی سائفر“میں ناکامی کے بعد اب زور وشور سے ڈالرز میں اثرو رسوخ خریدا جا رہا، یہ فرم پی ٹی آئی رہنماؤں کی امریکی ”ڈسیشن میکرز“ کے ساتھ ملاقاتوں کا اہتمام کرے گی۔

رہنما پیپلزپارٹی نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ فرم ان ملاقاتوں کے مواد کے حوالے سے بھی تحریک انصاف کو رہنمائی فراہم کرے گی، پی ٹی آئی پاکستان کے امریکا سے تعلقات داؤ پر لگا کر یہ اپنی تشہیر کیلئے لابنگ کمپنیز کی خدمات لے رہےہیں، عمران خان کو ان معاہدوں کے حوالے سے قوم کو وضاحت پیش کرنی ہوگی۔

سینیٹر شیری رحمان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے من گھڑت بیرونی سازش کا بیانیہ بنایا، آڈیو لیکس میں ثابت ہوا یہ اپنی ذاتی سیاست کیلئے پاکستان کے مفادات کے ساتھ ’’ کھیلنے“ کا منصوبہ بنا رہے تھے، ان کا دوہرا معیار اور یوٹرن کئی بار بے نقاب ہو چکے ہیں۔

 

Advertisement