مردم شماری اور حلقہ بندیاں مکمل ہوجائیں تو ایک ہی دن الیکشن ہو سکتا ہے، قمر زمان کائرہ

Published On 27 March,2023 05:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ مردم شماری اور حلقہ بندیاں مکمل ہوجائیں تو ایک ہی دن الیکشن ہو سکتا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک میں ہیجان کی کیفیت پیدا کی ہے، عمران خان فہم و فراست کی بجائے غصے سے کام لے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے ساڑھے 8 سال خیبرپختونخوا کے عوام کا پیسہ لوٹا: فیصل کریم کنڈی

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن خود الیکشن نہیں کروا سکتا، الیکشن کمیشن نے دوسرے اداروں سے عملہ لینا ہوتا ہے، وزارت خزانہ سے پیسے لینے ہوتے ہیں، عدلیہ سے ججز لینے ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے، ہم چاہتے تھے کہ صوبائی اسمبلیاں تحلیل نہ ہوں، پاکستان اس وقت مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ مردم شماری مکمل ہو اور حلقہ بندیاں بھی مکمل ہو جائیں تو سارے ملک میں ایک ہی دن الیکشن ہو سکتا ہے، اس عمل سے سیاسی استحکام آئے گا۔