اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ آمد پر ایک اور مقدمہ درج کر لیا۔
حکومت کی مدعیت میں تھانہ رمنا پولیس کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ آمد پر دفعہ 144 کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے، مقدمے میں تحریک انصاف کے 36 کارکنوں کو نامزد کیا گیا ہے، ہائی کورٹ کے قریب منع کرنے کے باوجود ملوث افراد نے نعرے بازی کی۔
خیال رہے اسلام آباد پولیس نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی پیشی کے موقع پر درجنوں کارکنوں کو حراست میں لیا تھا، پولیس کا کہنا تھا کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے، پولیس نے اب ان کارکنوں کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا ہے۔