پاکستان واحد ملک جہاں کوئی بھی بھوک سے نہیں مرتا: راجہ پرویز اشرف

Published On 30 March,2023 05:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان واحد ملک ہے جہاں کوئی بھی بھوک سے نہیں مرتا، ہمارے علاقے پوٹھوہار میں کوئی بھوک سے نہیں مر سکتا، میں نہیں مانتا وہاں کوئی بھوک سے مرا ہو گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ رواں برس آئین پاکستان کی 50 ویں سالگرہ ہے، 1973 کے آئین کی گولڈن جوبلی شایان شان طریقے سے منائی جا رہی ہے، تقریبات کا مقصد نوجوان نسل کو ملک کے جمہوری و آئینی نظام سے آگاہی دینا ہے، میرا آئین، میری آزادی کے تھیم سے ہر صوبے میں تقریری مقابلوں کا اہتمام کیا جائے گا، 73 کے آئین کی اصل شکل میں بحالی ہمارا نصب العین ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میرے اختیار میں ہوتا تو پٹرول 500 روپے لٹر کر دیتا: پی پی رہنما مخدوم احمد محمود

سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے پارلیمان کی سپیس کم ہوئی، ایک ہی حل آئین پاکستان کے ساتھ کھڑے ہو جائیں، ہر ادارہ اپنے اپنے دائرہ کار میں کام کرے گا تو پاکستان آگے بڑھے گا، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر پارلیمنٹ کبھی خاموش نہیں رہتی، ہم سب نے آئین کے تقدس کیلئے کام کرنا ہے، بدقسمتی سے سب کیلئے پارلیمان سو فٹ ٹارگٹ ہے، 75 سال گزر گئے الزامات لگانے سے کام نہیں چلے گا پارلیمان میں مل کر بیٹھنا پڑے گا۔

راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ آئین کی گولڈن جوبلی پر سابق وزیر اعظم عمران خان کو بھی دعوت دیں گے، ملک کو باہمی اتفاق رائے کی ضرورت ہے، تقسیم کا ملک متحمل نہیں ہو سکتا، آگ کے ٹمپریچر کو کم کرنا ہوگا، ملک کو گھمبیر چیلنجز درپیش ہیں، جو کچھ ہوا اسے بھول کر آگے بڑھنے سے کام چلے گا، چھوٹی چھوٹی باتوں اور تقسیم کے بجائے اچھی سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے، اگر خرابیوں کی طرف دیکھیں گے تو پھر تو کام نہیں چلے گا۔
 

Advertisement