بچھڑوں کو اپنے پیاروں سے ملوانے کیلئے پبلک ایپ ’’میرا پیارا‘‘ پر کام شروع

Published On 01 April,2023 11:45 am

لاہور: (دنیا نیوز) بچھڑے لوگوں کو اپنے پیاروں سے ملانے کیلئے پنجاب پولیس پبلک ایپ ”میرا پیارا“ پر کام کا آغاز ہوگیا۔

”میرا پیارا“ ایپ کے ذریعے گمشدہ بچوں، بزرگوں، مریضوں کو ورثا سے ملایا جائے گا، اس ایپ میں گمشدہ بچے اور افراد، ان کے لواحقین کا بائیو ڈیٹا، تصویر، فنگر پرنٹ، شناختی کارڈ اور ب فارم کی تفصیلات ہوں گی۔

گمشدہ بچوں، افراد اور ان کے لواحقین کے ڈی این اے ٹیسٹ بھی کرائے جائیں گے جبکہ پنجاب بھر کے تھانوں میں گمشدگی کی رپورٹس کا ڈیٹا تیار کیا جائے گا۔

یتیم خانوں، دارالامان اور دیگر اداروں میں مقیم بچوں اور افراد کا ڈیٹا بھی ”میرا پیارا“ ایپ پر موجود ہوگا، شہری اپنے موبائل فون، فرنٹ ڈیسک، تحفظ مرکز اورخدمت مرکز کے ذریعے گمشدگی کی رپورٹ ”میرا پیارا“ پر لوڈ کر سکیں گے۔

لاہور میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں”میرا پیارا“ ایپ کو جلد فنکشنل کرنے کی ہدایت کی گئی۔

محسن نقوی نے گوجرانوالہ کے 6 سال سے گمشدہ بچے کو ورثاء سے ملانے پر سی ٹی او لاہور کی کاوشوں کی تعریف کی۔

محسن نقوی نے دورہ گوجرانوالہ میں معصوم بچے کے ورثا کی تلاش کی ہدایت کی تھی، سپیشل بچے کی تلاش کرتے کرتے والد اللہ کو پیارا ہوگیا اور والدہ دربدر پھرتی رہی۔

 

Advertisement