وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں مفت آٹے کے 2 کروڑ تھیلے تقسیم

Published On 30 March,2023 09:33 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم پاکستان اور پنجاب حکومت کے تاریخ ساز رمضان پیکیج کے تحت مفت آٹا سکیم کے تحت نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں 2 کروڑ تھیلے شہریوں میں تقسیم کر دیے گئے۔

جمعرات کی صبح ساڑھے 11 بجے تک کے اعداد و شمار کے مطابق صوبائی دار الحکومت لاہور ڈویژن میں 31 لاکھ ، بہاولپور ڈویژن میں تقریباً 30 لاکھ، ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں تقریباً 26 لاکھ 30 ہزار آٹے کے تھیلے تقسیم کئے جا چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے نگران وزرا، مشیر اور معاونین کی شاہ خرچیوں کا نوٹس لے لیا

اسی طرح گوجرانوالہ ڈویژن میں تقریباً 23 لاکھ، فیصل آباد ڈویژن میں 24 لاکھ 60 ہزار، ملتان ڈویژن میں 22 لاکھ 40 ہزار آٹے کے تھیلے شہریوں کو فراہم کئے جا چکے ہیں۔

سرگودھا ڈویژن میں تقریباً 18 لاکھ، ساہیوال ڈویژن میں 13 لاکھ 35 ہزار اور راولپنڈی ڈویژن میں 11 لاکھ 10 ہزار آٹے کے تھیلے شہریوں کو مہیا کئے جا چکے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے آٹا ڈسٹری بیوشن سینٹرز پر فرائض سرانجام دینے والے افسروں اور عملے کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس اس نیک کام کو احسن طریقے سے سرانجام دے رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: محسن نقوی کا سیالکوٹ میں مفت آٹا سینٹرز، علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ

انہوں نے کہا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور دیگر متعلقہ محکموں کا سٹاف بھی دن رات محنت کر رہا ہے، میں پنجاب حکومت کی طرف سے انتظامیہ، پولیس، پی آئی ٹی بی اور دیگر محکموں کے سٹاف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ ہم سب نے اسی جذبے اور محنت کے ساتھ اس کار خیر کو آگے بڑھانا ہے، لوگو ں کے رش کے باوجود سینٹرز پر انتظامات پہلے سے بہتر ہیں، پنجاب حکومت نے رمضان المبارک کے ہر جمعۃالمبارک پر آٹا ڈسٹری بیوشن سینٹرز بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Advertisement