لاہور: (دنیا نیوز) ترقیاتی منصوبے سست روی کا شکار ہونے کے باعث نگران پنجاب حکومت نے ڈویلپمنٹ اتھارٹیز سے منصوبوں کی تفصیلات مانگ لیں۔
ایل ڈی اے انتظامیہ ترجیحی منصوبوں کی تکمیل کیلئے پنجاب حکومت کو فنڈز کی استدعا کرے گی، 5 پیڈیسٹرین پلوں کی تعمیر کیلئے 62 کروڑ 27 لاکھ روپے کے فنڈز مانگے جائیں گے۔
واضح رہے کہ ایل ڈی اے نے منصوبوں کے ٹینڈر جاری کرنے کے بعد پنجاب حکومت کی جانب نظریں جما لی تھیں، فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث حال ہی میں شروع ہونے والا پیڈیسٹرین پلوں کی تعمیر کا کام سست روی کا شکار ہو گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں مفت آٹے کے 2 کروڑ تھیلے تقسیم
پنجاب حکومت نے پانچ پیڈیسٹرین پلوں کی تعمیر کے لیے 62 کروڑ 27 لاکھ روپے کے فنڈز کی منظوری دی تھی، سگیاں راوی ٹول پلازہ سے پھول منڈی چوک کی جانب پیدل چلنے والوں کے لیے پل بنانے کی منظوری دی گئی تھی، سگیاں راوی ٹول پلازہ پیڈیسٹرین پل کے لیے 14 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔
لبرٹی چوک مین بلیوارڈ پر 20 کروڑ 72 لاکھ روپے سے پیڈیسٹرین پل بنانے کی منظوری دی گئی، وحدت روڈ پر 7 کروڑ 63 لاکھ روپے کی لاگت سے پیڈیسٹرین پل بنانے کی منظوری ہوئی۔
اس کے علاوہ اللہ ہو چوک خیابان فردوسی پر بھی 7 کروڑ 50 لاکھ روپے کی لاگت سے پل تعمیر کیا جائے گا۔