اسلام آباد: (دنیا نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق جعلی نوٹیفکیشن کے معاملے پر ایف آئی اے نے تحقیقات کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق وزارت پٹرولیم نے ایف آئی اے کو تحقیقات کی ہدایت کی ہے، وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پریس کانفرنس کے بعد جعلی نوٹیفکیشن وائرل ہوا، جعلی نوٹیفکیشن کے ذریعے رات 12 بجے پٹرول پمپس پر لائنیں لگوانے کی کوشش کی گئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پٹرولیم مصنوعات میں قیمتوں میں اضافے سے متعلق ایک جعلی نوٹیفکیشن سوشل میڈیا پر وائرل تھا، وزارت خزانہ نے اس پر وضاحت دیتے ہوئے کہا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، سوشل میڈیا پر پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جعلی ہے۔