اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ خاتون جج کو دھمکیاں دینے والے 3 ججوں کے حامی و ترجمان بن گئے ہیں۔
سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ڈبہ پیر، ڈبو، عمران کا ڈاکو اور دانشور منتظر ہیں کہ کب عمران نااہل ہو اور وہ پارٹی قیادت سنبھالیں۔
انہوں نے کہا کہ زمان پارک کا رنگ باز اور ملتان کا ڈبہ پیر سپریم کورٹ کے اکثریتی ججز کی رائے کی توہین کر رہے ہیں، دو مداریوں کے ہاتھ 3 ڈگڈگیاں ہیں جو وہ زور زور سے بجا رہے ہیں۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف جھوٹا ریفرنس دائر کرنے والوں کو عدلیہ اور ججز کی بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے، عمران شیطانی ٹولہ ہمیشہ آئین، انصاف اور عوام کے خلاف کھڑا ہوتا ہے۔
وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ عدالت پر پتھر مارنے والے بے شرم، جج کو گالی اور دھمکی دینے والے عدالت کے احترام کا بھاشن دے رہے ہیں۔