رینالہ خورد، ساہیوال: (دنیا نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے پر رانا ثنااللہ کے خلاف اندراج مقدمہ کے لیے تھانہ سٹی رینالہ خورد اور تھانہ سٹی ساہیوال میں درخواستیں دے دی گئی۔
تھانے میں درخواست کاشف مجید ایڈووکیٹ کی مدعیت میں گزاری گئی ہے، اس موقع پر سابق جنرل سیکرٹری تحصیل بارعاطف زمان بھٹی سابق امیدواربرائے صدرطاہرنعیم اختراور دیگر وکلا بھی کاشف مجید کے ساتھ تھے۔
یہ بھی پڑھیں: عدلیہ پر دباؤ کیلئے قانون سازی کی، قوم الیکشن سے بھاگنے کی چالیں سمجھ گئی: عمران خان
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان رہے گا یا ہم رہیں گے، رانا ثنااللہ کی کھلی دھمکی ہے، موجودہ وزیر داخلہ جان بوجھ کر ملک میں انارکی پھیلا رہا ہے۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت عمران خان کو دھمکیاں دے کر ملکی حالات خراب کر رہا ہے، اس سے قبل بھی وزیر آباد میں عمران خان کو جان سے مارنے کے لیے حملہ کرایا گیا تھا۔
دریں اثنا ساہیوال میں بھی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست جمع کرا دی گئی، درخواست پی ٹی آئی کے رہنما و صدر لائرز فورم ملک سجاد اعوان ایڈووکیٹ نے تھانہ سٹی میں جمع کرائی۔
یہ بھی پڑھیں: عدلیہ پر حملہ ن لیگ کا وتیرہ، لگتا نہیں صدر آسانی سے قانون منظور کرینگے،فواد
انہوں نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ رانا ثناء اللہ نے سابق وزیراعظم عمران خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی، اس سے قبل بھی وزیر آباد میں عمران خان پر حملہ کرا چکا ہے، اشتعال انگیز بیان دے کر یہ عمران خان کو مروانا چاہتا ہے مقدمہ درج کیا جائے۔
ملک سجاد اعوان ایڈووکیٹ نے تھانہ سٹی میں فرنٹ ڈیسک کو پرچہ اندراج کے لیے درخواست جمع کروادی۔