عمران خان کی اخراج مقدمات کی درخواست پر سماعت آج ہوگی

Published On 03 April,2023 12:13 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان کی اخراج مقدمات کی درخواست پر سماعت آج ہوگی۔

جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کا 2 رکنی بینچ آج عمران خان کی درخواست پر سماعت کرے گا، سابق وزیر اعظم کی جانب سے درخواست میں وفاق، پنجاب حکومت، ایف آئی اے اور نیب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، عمران خان نے آئینی درخواست بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے دائر کر رکھی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، سیاسی بنیادوں پر ایک ہی نوعیت کے مقدمات درج کر کے ہراساں کیا جا رہا ہے، اب تک ایک سو سے زائد کیسز درج کر کے اختیارات کا غیر قانونی استعمال کیا جا رہا ہے، 121 جھوٹے مقدمات درج کیے گئے ہیں یہ آئین کے آرٹیکل چار، نو، پندرہ، سولہ کی خلاف ورزی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ لاہور ہائی کورٹ تمام مقدمات کو خارج کرنے کا حکم دے، عدالت عمران خان کے خلاف درج تمام مقدمات کا تفصیلی ریکارڈ طلب کرے اور کیس کے حتمی فیصلے تک درج مقدمات میں کارروائی سے روکا جائے، کارروائی سے پہلے درخواست گزار کو نوٹس دے کر سننے کا موقع فراہم کرنے کا حکم دیا جائے اور عدالت گرفتار تمام کارکنوں کو رہا کرنے کا حکم بھی دے۔

Advertisement