لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان کی اخراج مقدمات کی درخواست پر سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کی عدم حاضری پر 5 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔
جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بنچ نے عمران خان کی درخواست پر سماعت کی، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر سپریم کورٹ میں مصروفیات کے باعث عدالت پیش نہ ہوئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے درخواست پر مزید کارروائی 5 اپریل تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ عمران خان کی جانب سے اخراج مقدمات کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں وفاق، حکومت پنجاب ،ایف آئی اے اور نیب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، سابق وزیراعظم نے آئینی درخواست بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے دائر کی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے، سیاسی بنیادوں پر ایک ہی نوعیت کے مقدمات درج کر کے ہراساں کیا جا رہا ہے،اب تک ایک سو سے زائد کیسز درج کر کے اختیارات کا غیر قانونی استعمال کیا جا رہا ہے، 121 جھوٹے مقدمات درج کر دیئے گئے ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائی کورٹ ان تمام مقدمات کو خارج کرنے کا حکم دے، عدالت عالیہ عمران خان کے خلاف درج تمام مقدمات کا تفصیلی ریکارڈ طلب کرے اور کیس کے حتمی فیصلے تک درج مقدمات میں کاروائی سے روکا جائے۔