لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں اربوں روپے کی کرپشن کے معاملے پر اینٹی کرپشن پنجاب نے سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد کو طلب کر لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد پر پارکنگ، کنٹین اور صفائی کے ٹھیکوں میں رشوت لینے کا الزام ہے، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پی آئی سی اور ایم ایس پر یاسمین راشد کو کروڑوں روپے رشوت دینے اور خرچے اٹھانے کا الزام ہے۔
ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن نے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پی آئی سی اور ایم ایس ڈاکٹر محمد تحسین، اے ایم ایس پرچیز ڈاکٹر شکیل کو بھی طلب کیا اور اے ایم ایس سٹور فارمیسی ڈاکٹر مسعود نواز کو بھی اینٹی کرپشن نے ڈاکٹر یاسمین راشد کے ہمراہ طلب کیا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ملزمان پر مہنگے داموں سٹنٹ خرید کر سرکاری خزانے کو ایک ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
رواں مالی سال پیپرا رولز کی خلاف ورزی کر کے سٹنٹس کی خریداری میں بھاری کمیشن لینے اور بائی پاس آپریشن میں استعمال ہونے والا سامان بھی مہنگے داموں خریدنے کا الزام ہے۔
اس کےعلاوہ انتظامیہ پر دل کی بیٹریوں سمیت پی آئی سی کے سٹور سے کروڑوں روپے مالیت کا سامان چوری کروانے کا بھی الزام ہے۔