اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ انتخابات کیس تحمل سے سننے پر چیف جسٹس صاحب اور بینچ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چیف جسٹس نے تمام فریقین کا تحمل سے نقطہ نظر سنا، چیف جسٹس کسی دباؤ میں نہیں آئے، انہوں نے تحمل سے کہا عدلیہ آئین و قانون کی پابند ہے، چیف جسٹس نے تلخ چیزوں کو بھی برداشت کیا، الیکشن کمیشن اور اٹارنی جنرل کوئی ٹھوس دلائل نہ دے پائے۔
تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دو عذر اٹھائے گئے ایک وسائل، دوسرا سکیورٹی کا، اس حوالے سے الیکشن کمیشن، اٹارنی جنرل کوئی ٹھوس دلائل نہیں دے سکے، اب پوری قوم منتظر ہے بینچ اپنا فیصلہ سنائے، بینچ قوم کو اپنی رائے کے اظہار کا موقع دے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے کارروائی چل رہی ہے، حکومت کی طرف سے یہ نہیں بتایا گیا کیا وجہ ہے کہ الیکشن وقت پر نہیں کرائے جا سکتے، حکومت کی کوشش ہے عدالت کے اندر دراڑ اور ججز میں ابہام پیدا کیا جائے، حکومت نے پہلے سوموٹو پر اعتراض اٹھایا تھا، اس کیس میں تو سوموٹو نہیں لیا گیا۔