الیکشن کمیشن نے انتخابات سے متعلق میڈیا ضابطہ اخلاق 2023ء جاری کردیا

Published On 07 April,2023 07:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات سے متعلق میڈیا ضابطہ اخلاق 2023ء جاری کردیا جس کے تحت پاکستان کے نظریہ، سلامتی اور خود مختاری کے منافی مواد شائع یا نشر نہیں ہوگا۔

میڈیا ضابطہ اخلاق کے مطابق عدلیہ کی آزادی اور ساکھ کو نقصان پہنچانے والے مواد کی بھی اجازت نہیں ہوگی، اشتعال انگیز اور منافرت پھیلانے والی تقاریر اور بیانات کی نشر و اشاعت ممنوع قرار دی گئی ہے، پابندیوں کا اطلاق میڈیا اداروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی ہوگا۔

صنفی، مذہبی، علاقائی، برادری امتیاز کی بنیاد پر نفرت انگیز مواد کی تشہیر پر بھی پابندی ہوگی، امیدواروں کے ایک دوسرے پر الزامات کی نشر واشاعت سے پہلے دوسرے فریق کا مؤقف لینا ضروری قرار دیا گیا ہے، سرکاری خرچ پر امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کی تشہیر پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

امیدواروں کیلئے سرکاری جماعتوں کے اشتہارات کی رقوم کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو فراہم کرنا لازمی ہوگا، پولنگ سے 48 گھنٹے قبل میڈیا پر بھی انتخابی مہم چلانے کی پابندی ہوگی، پولنگ سٹیشنز میں داخلہ ایکریڈیشن کارڈز دکھا کر ہوگا۔

مزید برآں ووٹ سیکریسی کا احترام بھی لازمی قرار دیا گیا ہے، پولنگ ختم ہونے کے ایک گھنٹے بعد ہی نتائج کے اعلان کی اجازت ہوگی۔ 

Advertisement