پنجاب میں انتخابات، الیکشن کمیشن کا پیسوں اور سکیورٹی کیلئے خط نہ لکھنے کا فیصلہ

Published On 06 April,2023 04:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پیسوں اور سکیورٹی کیلئے پنجاب حکومت کو خط نہ لکھنے کا فیصلہ کر لیا۔

الیکشن کمیشن کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں عام انتخابات کیلئے پیسوں یا سکیورٹی کیلئے کسی کو خط نہیں لکھا جائے گا، سپریم کورٹ کا فیصلہ واضح اور جامع ہے، الیکشن کے حوالے سے وزارت خزانہ اور پنجاب حکومت سے کوئی خط و کتابت نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ کیخلاف قومی اسمبلی میں قرارداد منظور

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ فیصلے میں وزارت خزانہ، چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کیلئے ہدایات واضح ہیں، سپریم کورٹ نے فیصلے میں وزارت خزانہ کو براہ راست فنڈز کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔

الیکشن کمیشن نے کہا ہے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب خود انتظامی اور سکیورٹی پلان الیکشن کمیشن کو دیں گے، وزارت خزانہ اور نگران پنجاب حکومت کی رپورٹس الیکشن کمیشن کی قانونی ٹیم سپریم کورٹ میں جمع کرائے گی۔