لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب پولیس میں محکمانہ ترقیوں کا سلسلہ جاری ہے، آئی جی پنجاب نے 22 لیگل انسپکٹرز کے ڈی ایس پی کے عہدے پر ترقی کے نوٹیفکیشن پر دستخط کر دیے۔
آئی جی پنجاب عثمان انور اور ایڈیشنل آئی جیز نے ترقی پانے والے افسران کو ڈی ایس پی کے عہدوں کے رینک لگائے۔
آئی جی پنجاب نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ سی پی او، رینجز، اضلاع اور یونٹس میں 10 اپریل سے محکمانہ پروموشن کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو رہا ہے، میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق ترقی کے اہل سینکڑوں اہلکاروں اور افسران کو انکا جائز حق بلا تاخیر دیا جائے گا پروموشنز کا مقصد کسی کا ذاتی فائدہ نہیں بلکہ ملازمین میں خدمت خلق اور وطن عزیز کے تحفظ کے ولولے کو اجاگر کرنا ہے۔
— Punjab Police Official (@OfficialDPRPP) April 5, 2023
آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آتے ہوئے ان کے ہمدرد و مددگار بن کر خدمت خلق سے دعائیں حاصل کریں، بیواؤں اور یتیموں کے مسائل کے ازالے کو اولین مقصد سمجھتے ہوئے انصاف کی فراہمی میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں، شہریوں کی عزت اور انسانیت کی خدمت کو نصب العین بنائیں تاکہ دنیا و آخرت دونوں میں کامیابی حاصل کرسکیں۔