نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے رمضان سپورٹس سیریز کی منظوری دیدی

Published On 06 April,2023 01:16 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رمضان المبارک سپورٹس سیریز کی منظوری دے دی، سپورٹس سیریز میں فٹبال، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن، ہاکی، کبڈی اورکرکٹ کے مقابلے ہوں گے۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیرصدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر اطلاعات عامرمیر، مشیر برائے کھیل وہاب ریاض، چیف سیکرٹری، سیکرٹری سپورٹس، سیکرٹری اطلاعات، کمشنر لاہور، ڈی سی لاہور، ڈی جی سپورٹس اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران نگران وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ رمضان المبارک سپورٹس سیریز میں فٹبال، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن، ہاکی، کبڈی اورکرکٹ کے مقابلے ہوں گے، مقابلوں میں پنجاب بھر کے 9ڈویژنز کی ٹیمیں حصہ لیں گی، سپورٹس مقابلے سپانسرڈ ہوں گے، سرکاری فنڈ خرچ نہیں کیا جائے گا۔

اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سپورٹس کا فروغ حکومت پنجاب کی ترجیحات میں سرفہرست ہے، نوجوانوں کو کھیل کی طرف راغب کرکے ان کی صلاحیتوں کو جلا بخشنا چاہتے ہیں، کھیل کے مقابلوں میں زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو شرکت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔