مشترکہ اجلاس، تحریک انصاف کا سپریم کورٹ رولز اینڈ پروسیجر بل کی مخالفت کا فیصلہ

Published On 09 April,2023 09:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل سہ پہر 4 بجے ہو گا، مشترکہ اجلاس میں صدر کی جانب سے حکومت کو واپس بھیجے گئے سپریم کورٹ رولز اینڈ پروسیجر بل کو دوبارہ منظور کروایا جائے گا۔

حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ رولز اینڈ پروسیجر بل کو منظور کروانے کے بعد دوبارہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو دستخط کرانے کیلئے بھیجا جائے گا، صدر 10 روز میں اس بل پر دستخط نہیں کرتے تو یہ ازخود قانون بن کر لاگو ہو جائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف نے مشترکہ اجلاس میں سپریم کورٹ رولز اینڈ پروسیجر بل کی مخالفت کا فیصلہ کر لیا، چیئرمین تحریک انصاف نے اپنے سینیٹرز کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بل کی بھرپور مخالفت کی جائے۔

حکومتی بل کی مخالفت کے حوالے سے تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل دن ایک بجے طلب کر لیا گیا، جس میں سینیٹرز اور اراکین اسمبلی شریک ہوں گے، پارلیمانی پارٹی اجلاس میں مشترکہ اجلاس سے متعلق حکمت عملی طے کی جائے گی۔