وائٹ پیپر: دنیا کا مہنگا ترین ملک بنانے پر عمران خان کو شرم آنی چاہیے: مریم اورنگزیب

Published On 09 April,2023 11:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کو دنیا کا تیسرا مہنگا ترین ملک بنانے والے عمران خان کو وائٹ پیپر جاری کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔

عمران خان کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کو دیوالیہ کی نہج پہ پہنچانے والا دیوالیہ سے بچانے والوں پہ وائٹ پیپر چھاپ رہا ہے، بہت دھیان سے پڑھا بہت ڈھونڈا لیکن وائٹ پیپر میں بجلی کا گردشی قرضہ 1100 ارب سے 2400 ارب کرنے کا ذکر نہیں ہے، وائٹ پیپر میں گیس کا گردشی قرضہ صفر سے1400 ارب کرنے کا بھی ذکر نہیں ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وائٹ پیپر میں آٹا 35 سے 100 روپے اور چینی 52 سے 120 روپے کرنے کا ذکر نہیں ہے، بجلی فی یونٹ 11 سے 25 روپے اور گیس 600 سے 1400 روپے کرنے کا ذکر بھی نہیں ہے، وائٹ پیپر میں ملک پر صرف چار سال میں قرض 44 ہزار ارب روپے کرنے کا ذکر نہیں ہے، سال میں 20 ہزار ارب روپے کا تاریخی قرض لینے کا ذکر نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پورے ملک میں انتخابات اکتوبر میں ہی ہوں گے: احسن اقبال

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم نے ایک سال میں تمہارے لئے قرض کے 11 ارب ڈالر واپس کئے، چار سال میں پاکستان کی تاریخ کے چار بد ترین بجٹ خساروں کا ذکر نہیں ہے، ہر دوست ملک کو ناراض کرنے کا ذکر نہیں، دو کروڑ لوگ غربت کے جہنم میں پھینکنے اور 60 لاکھ بے روزگار کئے اس کا بھی ذکر نہیں ہے، پاکستان کو دنیا کا تیسرا مہنگا ترین ملک بنانے والے کو وائٹ پیپر جاری کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ چار سال میں ایک بھی یونٹ نئی بجلی اور گیس کا اضافہ نہ کرنے کا ذکر وائٹ پیپر میں نہیں ہے، ملک کو پھر سے دہشت گردی کی نذر کرنے کا ذکر نہیں ہے، وائٹ پیپر میں خانہ کعبہ کے عکس والی گھڑی، پانچ قیراط کے ہیرے اور انگوٹھیوں کی تصاویر بھی شائع کرنی تھیں، آئی ایم ایف سے خود معاہدہ کرنے اور پھر اس کے ڈیفالٹ کرنے کا ذکر بھی نہیں ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ چار سال مہنگائی 4 فیصد سے 25 فیصد کرنے کا ذکر نہیں ہے، ترقی کی شرح 6.2 فیصد سے منفی 0.4 پر پہنچانے کا ذکر نہیں، وائٹ پیپر میں کورونا کے 1200 ارب روپے کی چوری کا ذکر بھی نہیں ہے، فارن فنڈنگ، گھڑی چور ٹیریان کے والد کا ذکر نہیں ہے، وائٹ پیپر میں صحافیوں کو گولیاں مارنے، پسلیاں توڑنے کا بھی ذکر نہیں ہے، 190 ملین پاؤنڈ پر ڈاکے ڈالنے کا ذکر بھی نہیں ہے۔