اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ فواد چودھری کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف حسب معمول انتہائی گھٹیا، بے ہودہ اور گمراہ کن پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر ایک اپارٹمنٹ میں مقیم ہیں جس کی تزئین و آرائش پر کوئی خرچہ نہیں کیا گیا، سکندر سلطان راجہ کی سرکاری رہائش گاہ کی تعمیر کیلئے ایک پلاٹ پی ٹی آئی کی حکومت میں منسٹرز کالونی اسلام آباد میں الاٹ کیا گیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اس پلاٹ کیلئے بھی کوئی رقم ریلیز نہیں کی گئی، منظور شدہ پراجیکٹ ہونے کے باوجود الیکشن کمیشن نے فی الحال اس کو کینسل کردیا ہے، اگر اس پر کام شروع بھی کیا جائے تو یہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر کے دور میں مکمل نہیں ہو سکتا۔
واضح رہے فواد چودھری کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیر داخلہ کہہ رہا ہے ملک کی سکیورٹی بہت خراب ہے، الیکشن کمیشن کہہ رہا ہے الیکشن نہیں کرا سکتے، الیکشن کمشنر کے گھر کی تزین و آرائش پر پیسے لگائے جا رہے ہیں، وزیر داخلہ اور چیف الیکشن کمشنر کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔