لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان اب خود این آر او مانگ رہے ہیں، انہوں نے مذاکرات کیلئے مقدمات ختم کرنے کی شرط رکھی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ فنڈز سے متعلق پارلیمنٹ کی پوزیشن واضح ہے، پارلیمنٹ نے فنڈز کے پروپوزل کو مسترد کر دیا ہے، بڑی تعداد میں سکیورٹی اہلکار بار بار الیکشن کیلئے موبیلائز نہیں کرسکتے، بہتر ہوگا الیکشن ایک ہی دن کروائے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہم نے کوئی شرط نہیں رکھی، مذاکرات الیکشن کے فریم ورک پر ہوں گے: فواد چودھری
وزیر دفاع خواجہ آصف نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے بھی کہا ہے کہ ایک وقت میں الیکشن کرائیں، پنجاب میں پہلے الیکشن ہوئے تو قومی اسمبلی الیکشن کے نتائج پر اثر پڑے گا، عمران خان تو کہتے ہیں کہ دوتہائی اکثریت نہ ملی تو پھر اسمبلیاں توڑ دوں گا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس، اتحادیوں کا پی ٹی آئی سے غیر مشروط مذاکرات پر اتفاق
خواجہ آصف نے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے ججز کی تقرری میں سابق آرمی چیف کے کردار سے متعلق بیان کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سے کہا گیا تھا کہ دو ججز کی تعیناتی مان کر عدلیہ کے ساتھ تعلقات بہتر بنائے جائیں لیکن اس کا ہمیں کوئی فائدہ نہیں بلکہ بہت نقصان ہوا۔