ملتان: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے پنجاب اسمبلی کا الیکشن نہ لڑنے کا فیصلہ کر لیا۔
پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 217 سے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے ان کی جگہ اب زین قریشی الیکشن میں حصہ لیں گے، شاہ محمود قریشی نے پی پی 217 سے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے ہیں۔
واضح رہے تحریک انصاف نے پنجاب میں انتخابات کیلئے ٹکٹوں کے حوالے سے پالیسی بنائی ہے جس کے مطابق مرکز کے بڑے کھلاڑی قومی اسمبلی کے میدان میں اتارے جائیں گے، شاہ محمود قریشی، فواد چودھری اور حماد اظہر کو پنجاب میں پارٹی کا ٹکٹ نہ دیئے جانے کا امکان ہے۔
وفاق کے کھلاڑی صرف مرکز کے انتخابات میں ہی حصہ لیں گے، پی ٹی آئی نے پنجاب کی 80 فیصد نشستوں کے ٹکٹ فائنل کر لیے، ڈاکٹر مراد راس، شبیر گجر اور ظہیر عباس کھوکھر کو ٹکٹ جاری کرنے کا ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا۔
تحریک انصاف کے ذرائع نے بتایا ہے کہ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق ٹکٹ جمع کرانے کی تاریخ 19 اپریل ہے، سیاسی جماعتوں کو 19 اپریل تک اپنے پارٹی ٹکٹ جاری کرنے ہیں تاکہ امیدوار الیکشن کمیشن کو ٹکٹ جمع کروائیں۔